پاواشنگٹن (آئی این پی )امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں لیکن پڑوس میں دہشتگردی کرنے والے گروپوں کے خلاف اسلام آباد کو کارروائی کرنا ہوگی، حج کے دوران حاجیوں کی سلامتی کے متعلق ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی باعث تشویش ہے،دونوں ملکوں میں اختلافات خطے کے استحکام کیلئے بھی خطرہ ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں لیکن پڑوس میں دہشتگردی کرنے والے گروپوں کے خلاف اسلام آباد کو کارروائی کرنا ہوگی۔ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگردی تعاون جاری ہے۔ کسی بھی دہشتگرد گروپ کے خلاف کارروائی کا پاکستان کو مکمل حق حاصل ہے۔ اسلام آباد عسکریت پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کررہاہے۔ اور توقع ہے کہ پڑوسی ملک کیلئے پاکستان کی سرحد استعمال کرنے والے گروپوں کے خلاف بھی اسلام آباد کارروائی کرے گا۔ ایک سوال پر مارک ٹونر نے کہاکہ حج کے دوران حاجیوں کی سلامتی کے متعلق ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی باعث تشویش ہے اور دونوں ملکوں میں اختلافات خطے کے استحکام کیلئے بھی خطرہ ہے۔