قومی دفاع

پڑوس میں حاکمانہ اورجابرانہ سوچ مستحکم ہورہی ہے،نیول چیف

اسلام آباد(آن لائن) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ ہمارے پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہو رہی ہے ہم اپنی خودمختاری اورقومی سلامتی کو لاحق خطرات کونظرانداز نہیں کر سکتے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جمعہ کے روزپاکستان نیوی وار کالج لاہور کے 45 ویں پی این سٹاف کورس کے کانووکیشن کا انعقاد ہوا جس میں نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاک بحریہ، پاک آرمی اورایئر فورس کے علاوہ دوست ممالک کے آفیسرزکو واراسٹڈیزمیں ماسٹرزڈگریاں دی گئیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہو رہی ہے اس لئے ہم اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آفیسرز فیصلہ سازی کے عمل میں مثبت کردارادا کریں جبکہ ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے لئے دستیاب وسائل سے بھرپورفائدہ اٹھانا چاہیے۔