اسلام آباد (ملت + اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سپن کئی کیڈ ٹ کالج کی جدید سہولتوں سے آراستہ نئی عمارت کا افتتاح کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو سپن کئی کیڈٹ کالج کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں قبائلی راہنماؤں اور کیڈٹ سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پڑھے لکھے اور تربیت یافتہ نوجوان ہی پاکستان کا محفوظ اور روشن مستقبل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپن کئی کیڈ ٹ کالج بھی معیاری تعلیم کی فراہمی کے ایجنڈے کا حصہ ہے جو فاٹا کے علاقے میں قائم کیا گیا ہے یہ کالج ہماری نئی نسل کے مستقبل کو روشن بنائے گا ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا سراہا رہی ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقامی قبائلیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیڈٹ کالج کے لئے اراضی عطیہ کی اور متحدہ عرب اماراب کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کالج کی تعمیر کے لئے مالی معاونت فراہم کی ۔