اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاک فضائیہ نے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا جب پی اے ایف بیس نور خان میں واقع نمبر 130 ائیر انجینئرنگ ڈپو میں پچاسویں اوورہال شدہ C-130طیارے کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ائیر چیف کی آمد پر ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس کے بعد C-130 طیاروں نے 3-ship فارمیشن میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔بعد ازاں ائیرچیف نے اوورہال ہونے والے 50ویں طیارے کی نقا ب کشائی کی اور طیارے کے مختلف حصوں کا مشاہدہ بھی کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دفاعی صنعت میں خود انحصاری کے قومی مقصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنے پرنمبر 130 ائیر انجنئیرنگ ڈپوکے افسران اور ٹیکنیشنز کی کاوشوں اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوسرے لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ C-130 کا بھی کلیدی کردار ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کو طیاروں کی مینٹینس میں خود کفیل بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جس سے قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔اس تقریب میں پا کستان کے اعلٰی سول اور دفاعی عہدیداران کے علاوہ دوست ممالک کے دفاعی اتاشی بھی شریک تھے۔