کامرہ (ملت + آئی این پی) ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پی اے سی ملک میں ایک بہترین ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے‘ پی اے سی پاک فضائیہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ پی اے سی نے محنت سے ملک کا کثیر زرمبادلہ بچایا‘ پی اے سی پاکستان کے تحفظ اور خود کفالت کی ضمانت ہے‘ کامرہ میں پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کررہے ہیں۔ منگل کو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں ایک ہزارویں جہاز کی رولنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے ہم آج یہ تاریخ ساز دن دیکھ رہے ہیں۔ پی اے سی ملک میں ایک بہترین ادارے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ پی اے سی نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی صلاحیتیں قابل تعریف ہیں۔ پی اے سی کے ماہرین کی خدمات قابل فخر ہیں۔ پی اے سی میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ پی اے سی پاک فضائیہ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایئرچیف نے کہا کہ موجودہ دور میں فضائی قوت کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ مکمل تعاون اور حمایت پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔ کامرہ میں پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کررہے ہیں۔ پی اے سی کی وجہ سے ملک میں ہی پاک فضائیہ کو سستے اور معیاری پرزے میسر ہیں۔ پی اے سی نے محنت سے ملک کا کثیر زرمبادلہ بچایا۔ پی اے سی پاکستان کے تحفظ اور خودکفالت کی ضمانت ہے۔