قومی دفاع

چیف آف نیول اسٹاف کا ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ: ذکا اللہ

کراچی(ملت + آئی این پی )پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعلقات کے فروغ اور استحکام میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعلقات کے فروغ اور استحکام میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ نیول چیف نے ترک بحری جہاز کے افسران اور عملے سے بھی ملاقات کی۔ ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان نیوی اور دورے پر آئے ہوئے ترک بحری جہاز کے درمیان کھلے سمندر میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان میں قائم ترک سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔