بیجنگ:(اے پی پی) چین نے میزائل ٹیکنالوجی پرکنٹرول کے معاہدے ایم ٹی سی آرمیں بھارت کی شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت کی شمولیت کے بعد ایم ٹی سی آرکے موثر ہونے کا ازسرنو جائزہ لے رہا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم ٹی سی آرمیں بھارت کی شمولیت سے جوہری عدم پھیلاؤ کے مقصد کے حصول میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ چین نے حال ہی میں بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت پر یہ موقف اختیار کرتے ہوئے رکوائی ہے کہ بھارت نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے اور اس طرح وہ این ایس جی کی رکنیت کا اہل نہیں ہے۔ چین اگرچہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا سرگرم رکن ہے تاہم اس کے باوجود اسے ابھی تک ایم ٹی سی آر کی رکنیت نہیں دی گئی ۔ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے اس صورتحال میں بھارت کیلئے ایم ٹی سی آر کی رکنیت کو بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے چین کیلئے ایک دھچکا قرار دیتے ہئے کہا ہے کہ چین ایسی صورتحال سے نمٹنے کا تجربہ رکھتا ہے۔ چینی اخبارکی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کیلئے ایم ٹی سی آر کی رکنیت امریکی کوششوں کا نتیجہ ہے تاہم امریکا اور مغرب کی بھارت کلےئے پسندیدگی بین الاقوامی تعلقات پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا پوری دنیا کے برابر نہیں اور صرف امریکی حمایت کا مطلب یہ نہیں کہ بھارت کو پوری دنیا کی حمایت حاصل ہوگئی ہے امریکا اورمغرب کا بھارت کیلئے غیرمعمولی تعاون کا رویہ دراصل چین کو نیچا دکھانے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔ مغرب کا یہ رویہ اس امر کے باوجود ہے کہ بھارت کا جی ڈی پی چین کے جی ڈی پی کا محض 20 فیصد ہے لیکن اس کے باوجود مغرب اور امریکا بھارت کو چین کے ہم پلہ ملک ہونے کا تاثر دے رہے ہیں۔