اسلام آباد(آئی این پی )پاک فوج نے بلوچستان میں ڈرون حملے پر شدید احتجاج کیا ہے ، جنرل راحیل شریف نے امریکی سفیر کو تحفظات سے آگاہ کردیا ، آرمی چیف نے سوال کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے مولوی فضل اللہ اور عمر خالد خراسانی افغانستان میں موجود ہیں ، افغان حکومت ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہی ۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات ، آرمی چیف کا ڈرون حملے پر شدید تحفظات کا اظہار ۔ جی ایچ کیو میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں ، ان اقدامات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ خطے میں استحکام اور جاری امن عمل متاثر ہو سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اگر ایسے واقعات مستقبل میں بھی جاری رہے تو پھر پاکستان افغان امن عمل کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ڈیوڈ ہیل پر واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے مولوی فضل اللہ اور عمر خالد خراسانی افغانستان میں موجود ہیں ۔ افغان حکومت ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں بے مثال ہیں ۔