اسلام آباد : (اے پی پی) برطانیہ کے ڈپٹی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سینڈی سٹوری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس جنگ میں برطانیہ کے جاری تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے ملاقات کے دوران انہوں نے علاقائی سیکیورٹی اور اس میں بہتری کا جائزہ لیا۔ معاون خصوصی نے آپریشن ریزولیوٹ سپورٹ کے کمانڈر کو بتایا کہ پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت اضافہ جاری ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری دفاعی تعاون پر بھی اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی نے توقع ظاہر کی کہ دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی امور میں تعمیری اور قریبی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردارادا کیا ہے جو اب حتمی مرحلے میں ہے۔ انہوں نے برطانوی ڈپٹی کمانڈر کو پرامن ہمسائیگی کے بارے میں وزیراعظم کے وژن اور اس سلسلے میں اٹھائے گئے متعدد اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کی رہنما تھریسا مے کی بطور وزیراعظم نامزدگی کی بھی مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہارکیا ہے کہ ان کی قیادت میں پاک برطانیہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔