قومی دفاع

ڈی جی رینجرز پنجاب کا ورکنگ بائونڈری سیالکوٹ سیکٹر کا دورہ

لاہور (ملت + آئی این پی) ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے ورکنگ بائونڈری سیالکوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ انھوں نے اگلے ونگزپر تعینات رینجرز جوانوں اور کمانڈروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پنجاب رینجرز وطن عزیز کے دفاع کا مقدس فریضہ ہر قیمت پر انجام دے گی اور کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ میجر جنرل عمر فاروق برکی کے پہنچنے پر سیکٹر کمانڈر چناب رینجرز بریگیڈئر امجد حسین نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر سیکٹر کمانڈر نے ورکنگ باؤنڈری کی تازہ ترین آپریشنل صورتِ حال او ربلا اشتعال بھارتی شیلنگ کا جواب دینے کے لئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل نے جوانوں کے بلند عزم و حوصلہ اورآپریشنل و پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا۔ انھوں نے سیکٹراور ونگ کمانڈروں کو بھارتی شیلنگ سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔