قومی دفاع

کراچی،رینجرز کا عزیز آباد میں سرچ آپریشن،شریف آباد سے پانچ غیرملکیوں سمیت آٹھ ملزمان گرفتار

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) رینجرز نے عزیز آباد میں 90 کے قریب سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 90 کے قریب رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی۔ اس دوران مخصوص گلیوں کے مخصوص گھروں کی تلاشی لی گئی۔ پورے علاقے کا محاصرہ کر کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور رینجرز کی نفری واپس چلی گئی۔ دوسری طرف سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے ، ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ان سے برآمد اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل پولیس نے تحویل میں لے لی ۔کراچی پولیس نے شریف آباد،نیپیئر اور پاکستان بازار سے پانچ غیرملکیوں سمیت آٹھ ملزمان پکڑے گئے۔ پولیس کے مطابق شریف آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اسماعیل اور شاہ عالم کے ناموں سے ہوئی۔ دونوں کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ ملزمان غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔ نیپئر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان میں ڈکیت گروہ کا سہولت کار اختر عرف بابو اور دو غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں۔ ملزم اختر عرف بابو کے قبضے سے آدھا کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔پاکستان بازار پولیس نے تین ملزمان گرفتار کر لئے۔ ملزمان میں موٹرسائیکل لفٹر، غیرملکی باشندہ اور گٹکا فروش شامل ہیں۔عزیز آباد کے علاقے میں نائن زیرو کے اطراف میں رینجرز نے مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران بھاری نفری موجود رہی جس میں لیڈی سرچر بھی شامل تھیں۔ آپریشن کے دوران مخصوص مقامات کی تلاشی بھی لی گئی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔