کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 23افراد کو گرفتار کرلیا۔ پنجاب چورنگی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کارکن صولت مرزا کا قریبی ساتھی ہے۔ نیو کراچی بلال کالونی میں پولیس نے دو اسٹریٹ کرمنلز جبکہ درخشاں پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران دس ملزمان کو گرفتار کرلئے۔ شارع فیصل پولیس نے کارروائی کرکے جیب کترا گروپ کے سات کارندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ دو کارندے فرار ہوگئے۔ ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندہ جبکہ گلبرگ پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالے دو ملزمان گرفتار کرلئے۔ پنجاب چورنگی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق رینجرز نے باغ کورنگی قبرستان میں کارروائی کے دوران زیر زمین چھپائے گئے اسلحے میں ایس ایم جی، ایل ایم جی رائفل، نائن ایم ایم پستول اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق کارروائی سیاسی جماعت کے گرفتار کارکن کی نشاندہی پر کی گئی۔