کراچی:(اے پی پی)کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے 2 لینڈنگ کرافٹ (میکنائزڈ) کی حوالگی کی تقریب پیر کوکراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ریئر ایڈمرل سید امداد امام جعفری ہلال امتیاز (ملٹری)، کمانڈر لاجسٹک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ میں شامل ہونے والے ان دو جہازوں سے اس کی افرادی قوت اور سامان کی ترسیل کے نظام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ نے حالیہ سالوں میں بحریہ کیلئے متعدد جہاز اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت پائے تکمیل پر پہنچائے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ شپ یارڈ ملکی معشیت، روزگار کے حصول، قومی خزانہ میں ٹیکسوں کی ادائیگی اور قمیتی زرمبادلہ کی بچت میں اپنا موثر کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کے کارکنان کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا کہ یہ ان چند پبلک سیکٹر اداروں میں سے ہے جنہوں نے انتظامیہ اور کارکنان کی محنت اور لگن سے مکمل خودانحصاری حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کراچی شپ یارڈ میں ملکی ساختہ جہاز سازی کے مذید ایک اور منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا اور کراچی شپ یارڈ کو چارجدید آبدوزوں کی تعمیر کے تاریخ ساز کام کے حصول پر مبارک باد بھی دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) مینجنگ ڈائر یکٹر کراچی شپ یارڈ نے حالیہ دنوں میں جاری اورمستقبل قریب کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 1976ء شپ یارڈ پاک بحریہ کیلئے 6 عدد لینڈنگ کرافٹ تعمیر کرچکا ہے۔ پچھلے منصوبوں کی نسبت موجودہ لینڈنگ کرافٹ اپنے ڈیزائن اور دیگر الات کی تنصیب کی بدولت خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہ کے مستقبل قریب میں بحریہ کیلئے تعمیر کی جانے والی 4 عدد جدید آبدوزوں کے تعمیری منصوے کیلئے شپ یارڈ پر اعتماد کیا گیاہے اور منصوبہ عالمی سطح پر جہاز سازی کے ان چند اداروں کے مابین شپ یارڈ کی ساکھ کو مزید بڑھائے گا جہاں بیک وقت جہازوں اور آبدوزوں کی تعمیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2016ء کراچی شپ یارڈ کیلئے ایک تاریخ ساز سال جس میں 5 جہازوں کی سٹیل کٹنگ کی جائے گی جن 2 عدد 32 ٹن بولارڈپل ٹگ، میزائل برادر جہاز اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی کے دو جہاز شامل ہیں۔ جبکہ پاک بحریہ کیلئے تعمیر کیئے جانے والے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکر اور میزائل برادر جہاز نمبر 3 کی لانچنگ بھی کی جائے گی ۔ ان دونوں جہازوں کی شمولیت سے پاکستان کے بحری دفاع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ تقریب میں سرکاری، پاک بحریہ، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔