کراچی:(آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ شہر کی رونقیں بحال ہونے تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کا گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ برس میں نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور آج اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، جن علاقوں سے یہ بس گزرے گی وہاں کے لوگوں کے لئے بڑی آسانی ہوگی، منصوبہ 11 کلومیٹر نہیں بلکہ 22 کلومیٹر طویل ہوگا اور یہ منصوبہ لاہور میٹرو سے بھی اچھا منصوبہ ہوگا، منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کو لاہور سے موٹر وے سے ملانے کے لئے کام بھی عملاً شروع ہو چکا ہے جب کہ حیدر آباد سے سکھر تک موٹر وے پر کام شروع کرنے کے لئے معاملات ایک ماہ میں طے پا جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑے بڑے منصوبے صرف فاصلے کم کرنے کے لئے نہیں بلکہ دلوں کو قریب کرنے کے لئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہت جلد وقت آئے گا کہ ہم کے ٹو اور کے تھری اور دیگر منصوبوں کی تکمیل کی بات کر رہے ہوں گے، لیاری ایکسپریس وے پر بھی مارچ کے مہینے میں کام شروع کر دیا جائے گا جس کے لئے 2 ارب روپے جاری کئے جا رہے ہیں، تھر میں کوئلے کی کان سے کوئلہ نکالنے کا کام بھی شروع ہو رہا ہے اور اس سے بجلی بھی پیدا کی جائے گی جس کے بعد ہمیں کوئلہ درآمد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہر شعبے میں کام ہو رہا ہے جس سے پاکستان واقعتاً خطے کا مضبوط ترین ملک بن کر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری ختم ہونی چاہیئے، جرائم کم ہونے چاہیئیں اور قتل و غازت ختم ہونی چاہیئں اور اللہ کے فضل سے بہت سی چیزیں کم ہو چکی ہیں، اب جب جرائم بہت کم ہو چکے ہیں تو ہمیں مزید مضبوط ہونے کی ضرورت ہے تاکہ جرائم جڑ سے ختم ہو جائیں، جب تک کراچی کی رونقیں بحال نہیں ہو جاتیں تو کراچی آپریشن جاری رہے گا اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں ایک بار پھر بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے پولیس کی سیکیورٹی کے لئے موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔