قومی دفاع

کسی دہشتگرد کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا: جنرل باجوہ

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کسی دہشتگرد کو قبائلی علاقوں میں واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ آرمی چیف کو کورہیڈکوارٹرز پشاور میں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال جبکہ فاٹا اور مالاکنڈ میں کومبنگ آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ کور ہیڈ کوارٹرز اور شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری توجہ کیساتھ جاری رہے گی اور حاصل ثمرات کے ساتھ مزید آگے بڑھیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بحیثیت آرمی چیف اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کا دفاع ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر بہتر کوآرڈینیشن کے لئے ایف سی کے نئے ونگز بنانے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائیگا۔