نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ میں ایک بار پھر مسئلہکشمیر اجاگر کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ان کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے اور کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کو حل کرنے میں اقوام متحدہ کی ناکامی اس عالمی ادارے کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے ۔مانیٹرنگ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں ’’ امن و سلامتی ‘‘ کے موضوع پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ اقوام کی برابر خودمختاری پرامن ذرائع سے بین الاقوامی مسائل کا حل اور طاقت کا استعمال یا ایسا کرنے کی دھمکی کو ترک کرنا اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصول ہیں انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے فوجی جارحیت یا غیر ملکی مداخلت غیر ملکی قبضے سے پیدا شدہ صورت حال اور زیر قبضہ علاقوں کے رہنے والے لوگوں کو حق خودارادیت کی فراہمی کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور یہ ادارہ دیرنہ مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہا تو یہ عالمی ادارے کا دوہرا معیار تصور کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو اس بات کا جائزہ لینا ہو گا کہ یہ ادارہ قانونی معاملات کو علامی عدالت انصاف میں کیوں منتقل کر رہا ہے انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالمی اور علاقائی طاقتوں کو اپنی معاشی سائنسی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے استعمال اور معمولی مفادات سے بالاتر ہو کر سیاسی اعتماد کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔