قومی دفاع

کل بھوشن کے ساتھی کی حوالگی ہر ممکن تعاون کرینگے :ایرانی سفیر کی نثار کو یقین دہانی

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی، وزیرداخلہ نے پاکستان کے خلاف ایرانی سرزمین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کلبھوشن کے ساتھی راکیش عرف رضوان کی حوالگی کا مطالبہ کیا، ایرانی سفیر نے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلوچستان سے گرفتار کئے گئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو اور اس سے متعلق ایران کو بھیجے گئے خط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثنا ملاقات کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے پاکستان کی سکیورٹی و ترقی کیلئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان کی سلامتی و ترقی کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی و علاقائی سطح پر یکساں مؤقف مخالفوں کیلئے جواب ہو گا۔
ایرانی سفیر / نثار