(آئی این پی )کل بھوشن یادیو 14 سال سے خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلئے کام کررہا تھا۔ بھارتی اخبار ’’احمد آباد میرر‘‘ نے لکھا ہے کہ بھارتی بحریہ کے کمانڈر کل بھوشن یادیو کا مبارک حسین پٹیل کے نام سے پاکستان میں گرفتار ہونا انتہائی سنگین بات ہے، اس سے تصدیق ہوتی ہے کہ کل بھوشن یادیو نے فرضی نام سے پاسپورٹ بنوایا اور وہ پاکستان گیا۔اخبار نے مزید لکھا ہے کہ کل بھوشن چودہ سال سے پاکستان میں را کے آپریشنز کے نگرانی کررہا تھا اور اتنا عرصہ نہ پکڑے جانے کے باعث وہ پراعتماد ہوکر اپنے گھروالوں سے بذریعہ ٹیلی فون مراٹھی میں بات چیت کرنے لگا تھا۔ اخبارنے بھارتی خفیہ ایجنسی کے کسی سینیئر افسر کے حوالے سے یہ بات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی ایجنسیوں نے اس کی یہی ٹیلی فونک گفتگوپکڑی ہوگی۔ پھر وہ ایک مسلمان کے لبادے میں پاکستان میں موجود تھا لیکن اس کی کسی حرکات و سکنات سے یہ آشکار ہوگیا ہوگا کہ وہ مسلمان نہیں بلکہ ہندو ہے۔آخری بار فروری میں وہ ممبئی میں اپنے گھر والوں سے ملا تھا۔ جس کے بعد اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ اس کے دیگر دو ساتھی بھی تب سے ہی لاپتہ ہیں جو اس کے متبادل کے طور پر کام کرتے تھے۔ خدشہ ہے کہ انہیں بھی پاکستانی خفیہ ادارے نے پکڑ لیا ہو۔ کل بھوشن کی گرفتاری کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی پاکستان اور بھارت میں اپنے کئی آپریشنز کو لپیٹنے میں مصروف ہوگئی ہے اور یہی خفیہ ایجنسی کا طریقہ کار ہوتا ہے خاص طور پر اس وقت جب اس کا کوئی ایجنٹ زندہ پکڑ لیا جائے۔