راولپنڈی:(اے پی پی)کمانڈر 10کور لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے منگل کو گلگت بلتستان کے شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا‘ 5 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے حوالے کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لینے کے لئے گلگت بلتستان میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان‘ گورنر گلگت بلتستان‘ کورکمانڈر‘ چیف سیکرٹری‘ کمانڈر ایف سی این اے ‘آئی جی سمیت ددیگر افسران نے خوارک کی کمی‘ اہم شاہراہوں اور لنک سڑکوں بشمول قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ سے رکاوٹوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں گلگت بلتستان میں مواصلاتی نظام کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔