راولپنڈی:(ملت+اے پی پی) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے، پاک فوج کی جانب سے بھی بھر پور کارروائی کی گئی اور جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ نوجوان حریت پسند کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم اور بربریت کی انتہا کردی ہے اور اس صورتحال سے دنیا بھر کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل اشتعال انگیزی کررہا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔