قومی دفاع

کولیشن سپورٹ فنڈ:پاکستان کیلئےامریکی شرائط میں اضافہ

واشنگٹن:( اے پی پی )امریکی آرمڈ سروسز کمیٹی نے پاکستان کیلئے کولیشن سپورٹ فنڈ کے اجرا ءکیلئے شرائط بڑھا دی ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کہتی ہیں کانگریس کو یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ الزبتھ ٹروڈیو نے پریس بریفنگ کے دوران تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بعض ارکان کانگریس کو کولیشن سپورٹ فنڈ اورایف 16طیاروں کی فراہمی پر تحفظات ہیں اور ان کی یقین دہانی تک پاکستان کو فوجی امداد کی حمایت کیلئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ وزارت دفاع کا معاملہ ہے تاہم اس کے اجراء کیلئے اوباما انتظامیہ کو کانگریس کو یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔ الزبتھ ٹروڈیو نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ پاکستان دہشت گردگروپوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہاہے تاہم حقانی نیٹ ورک سے متعلق ہم اپنے نکتہ نظر پر بات کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔