قومی دفاع

کوٹلی،آزادکشمیر، نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری، 13سالہ زین شہید، 3 زخمی

کوٹلی،آزادکشمیر، نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری، 13سالہ زین شہید، 3 زخمی

کوٹلی آزاد کشمیر:(ملت آن لائن) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 13سالہ زین شہید جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے۔ بھارت کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہے، کوٹلی، آزادکشمیر اور نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں 13سال کا زین شہید جبکہ 3افراد زخمی ہوگئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ترکنڈی، ریتلہ، پیر کلنجر، اولی، موہڑہ گھمب، نرگل میں بلااشتعال گولہ باری کی گئی جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیرکی نکیال سیکٹرمیں بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنانےوالی بھارتی فوج بزدل ترین فوج ہے، 13 سال کے زین کو بھارتی فوج نےنشانہ بنا کرگولی ماری، بھارتی فوج سرحد پر اسنائپرز کا استعمال کررہی ہے۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ سرحدی دیہات کے بچے بھارتی اسنائپرز کا خصوصی ٹارگٹ ہیں، عالمی برادری بھارتی فوج کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے 13 سالہ زین کی سرکاری اعزازکے ساتھ تدفین اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 19 سال کا نوجوان شہید
چند روز قبل بھی بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا تھا ، شہید نوجوان انضمام ایل او سی کے قریب گاؤں تتری نوٹ کا رہائشی تھا اور دریائے پونچھ کے کنارے پر گھاس کاٹ رہا تھا۔ یاد رہے کہ دفتر خارجہ نے اپنی ایک بریفنگ میں بتایا تھا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ نئے سال کے آغاز سے بھارت اب تک 150 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بتایا تھا کہ سال 2017 میں بھارت نے 1137 بار سرحدوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 47 شہری جاں بحق جبکہ 159 افراد زخمی ہوئے۔