لاہور:(اے پی پی )وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے حیوانیت کا ثبوت دیا گیا مگر جیت انسانیت کی ہوگی۔مسیحی برادری کا خون بھی وطن عزیز کے دفاع کے لئے بہا ہے۔بم دھماکے کے بعد ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مائیکل نے کہا کہ آج ہم حالت جنگ میں ہیں ضرب عضب آپریشن دہشتگردوں کے خلاف کامیابی سے جاری ہے اور آج کے واقعہ میں مسیحی برادری کا خون بھی ملک کے دفاع کے لئے بہا ہے ٗدہشتگردی کے اس واقعہ پر ہم سب کے دل خون کے آنسوں رو رہے ہیں کیونکہ آج ہم نے بہت سے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور جلد ملک سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔تفریحی مقامات کی سیکورٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تفریحی مقامات کی سیکورٹی بھی فول پروف ہونی چاہیے اور گلشن اقبال پارک دہشتگردی کے واقعہ کی بھی انکوائری ہونی چاہیے ۔