قومی دفاع

ہائی مارک مشقیں جاری

کراچی: (ملت+اے پی پی) پاکستان کی تینوں مسلح افراج کی مشترکہ مشقیں ہائی مارک جاری ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ دونوں سربراہان نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور فضائی مشقوں کا معائنہ کیا اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایڈمرل ذکاء اللہ نے مشقوں میں حصہ لینے والے کامبٹ کریو سے ملاقات بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فضائیہ کے شاہینوں اور انکی کامیابی پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے جوانوں کے احسن طریقے سے ذمہ داریاں انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے فضائیہ اور بحریہ کے باہمی تعاون کو مثالی قرار دیا۔ تینوں مسلح افواج مشترکہ ہم آہنگی کیساتھ دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔