کوئٹہ: (ملت+آئی این پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور کسی سے نہیں ہے،ہمارے جو لوگ نہ سمجھی میں دشمن کی سازش کا شکار ہیں ہمارے دروازے ان کے لئیے ہمیشہ کھُلے ہیں،بلوچستان کی ترقی میں پاکستان کی ترقّی ہے،یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان کے روشن مستقبل میں رُکاوٹ بننا چاہتے ہیں،بلوچستان کے عوام تمام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں،میں اپنے آپ کو فوج میں بلوچی کہلانے پر فخر محسوس کر تا ہوں۔وہ پیر کوبلوچستان کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہمجھے فخر ہے کہ اِس پُروقار تقریب کے موقع پر میں بلوچستان کے غیّور عوام کی خوشی اور کامیابی میں شریک ہوں۔ یہ بات صرف رسمی نہیں، بلکہ کمان سنبھالنے کے چند ہی دنوں میں میرا بلوچستان کا تیسرا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ لوگ میرے دل کے کتنے قریب ہیں۔ کم لوگوں کو پتہ ہو گا کہ میرا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور میں اپنے آپ کو فوج میں بلوچی کہلانے پر فخر محسوس کر تا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں اس تقریب میں پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کو جن میں پولیس اور ایف سی کے دستے بھی شامل ہیں، تہہِ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کی چاک و چوبند ڈرل اور پُرعزم چہرے آپ کے اعلیٰ تربیتی معیار اور صلاحیت کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہمیرے بہادر سپاہیو! آپ نے جس شعبے کا انتخاب کیا ہے وہ صرف ایک باوقار پیشہ ہی نہیں بلکہ ایک عہد اور ایک عبادت بھی ہے۔ اگر آپ اِس عہد کا پاس اور عبادت کی قدر کریں گے،توآنے والے چیلنجز کا سامنا باآسان کر سکیں گے۔ اس طرح آپ ملکی سا لمیت کے دفاع، اور صوبے میں اَمن و امان برقرار رکھنے میں کامیاب ثابت ہونگے۔ پاکستان ہمارا گھر،قبیلہ بھی اور مُلک بھی۔ آج سے آپ اسکی عِزّت، غیرت اور حُرمت کے رکھوالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف آپکے، بلکہ تمام پاکستانیوں کے لئیے بھی انتہائی شُکر اور خُوشی کا دن ہے۔ بلوچستان کے بہادر اور باہمت بیٹے وطن کی آواز پر لبّیک کہتے ہوئے اِس عزم سے سرشار ہیں کہ ضرورت پڑنے پر جان بھی حاضر کر دیں گے۔ افواجِ پاکستان، ایف سی، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے قومی یکجہتی کی ضامن بھی ہیں اور علامت بھی۔ اِسی کو مدِّنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو بطور آفیسرز اور سولجرز پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج قومی یکجہتی کا مظہرہے، جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی، لگ بھَگ اِن کی آبادی کے تناسب کے مطابق ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کیدفاع میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ یقیناًبلوچستان کا ہر شہری پاکستان کی شان اور ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک بڑا اور انتہائی اہم صوبہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اِس خطے کو بے شُمار وسائل اور بلوچ عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انشاء اللہ آنے والے وقتوں میں یہ وسائل آپکی ترقّی کے لیے نئی راہیں کھولیں گے اور آپکی کامیابی پاکستان کی کامیابی بنے گی۔بلوچستان میں اَمن و امان کی بہتری، حکومت کی اہم ترجیح ہے اور پاک فوج اِس ضِمن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ٹریننگ اور Capacity Building میں ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیگر اداروں اور ایجنسیوں کا بھرپور تعاون بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ اپنے محدود وسائل سے قطع نظر صوبے میں تعلیمی، معاشرتی اور معاشی ترقّی کے لےئے اپنا مُثبت کردار ادا کرے۔ ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارا کام آپ کے سامنے ہے۔ CPECکی بروقت تکمیل اس خطّے کو ترقّی کے ایک نئے دور میں داخل کردے گی جس کے لئیے پاک فوج دن رات کوشاں ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آنے والے کل کا بلوچ نہ صرف پاکستان، بلکہ پورے خطّے کی قیادت میں شامل ہوگا۔ ہمارے بچوں کا مستقبل، انشاء اللہ روشن ہے اور ہماری جانیں، لہو اور پسینہ اسکی ضمانت کے لئیے حاضر ہیں۔ بلوچستان کی ترقی ہم سب کی اوّلین ترجیح ہے۔ الحمدُاللہ ہمارے بلوچ بھائیوں میں یہ یقین پیدا ہو چکا ہے کہ ان کی خوشحالی کی منزل اب ایک حقیقت ہے۔ بلوچستان کی ترقّی میں پاکستان کی ترقّی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان کے روشن مستقبل میں رُکاوٹ بننا چاہتے ہیں۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ بلوچستان کے عوام اس حقیقت کو جانتے ہوئے تمام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں۔ وہ دِن دور نہیں جب آپ کی حُبُّ الوطنی اور یکجہتی کی بدولت ، نفرت اور دہشت کو استعمال کرنے والے یہ چند افراد اپنے اَنجام کو پہنچیں گے اور بلوچستان نہ صرف اَمن کا گہوارہ بلکہ ترقّی و خوشحالی کی مثال بنے گا تاہم میں بھی یہ کہنا چاہوں گا کہ ہمارے جو لوگ نہ سمجھی میں دشمن کی سازش کا شکار ہیں، ہمارے دروازے ان کے لئیے ہمیشہ کھُلے ہیں۔ ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور کسی سے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مَیں تمام معزّز وزراء اور حاضرین کا مَشکور ہوں جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر پاسنگ آؤٹ کی اس تقریب میں شرکت کی اور ریکروٹس کی حوصلہ افزائی کی۔میں پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس اور ان کے اہلِ خانہ کو ٹریننگ کی کامیاب تکمیل اور پاک آرمی، ایف سی اور پولیس میں باقاعدہ شمولیت پر ایک مرتبہ پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں آپکے والدین، اساتذہ اور اُن تمام لوگوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اِس منزل تک پہنچنے میں آپکی مدد اور رہنمائی کی۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ہمیشہ بلوچستان اور پاکستان کی عِزّت، حفاظت اور ترقّی کا باعث بنیں گے۔۔تقریب میں کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض ،آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم احمد انجم ،انسپکٹرجنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب ،صوبائی وزراء ،قبائلی وسیاسی عمائدین کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی جبکہ پاس آؤٹ ہونیوالے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔