اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان نے دنیا سے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے قتل کے ذمہ داروں کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیں ، انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کو کسی قسم کا استثنی نہیں ملنا چاہیے ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے دفتر خارجہ میں یورپی ممالک کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی بریریت اور قتل و غارت گری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے بھارت کو کسی قسم کا استثنی نہیں دینا چاہیے ۔ بے گناہ کشمیریوں کے قتل کے ذمہ داروں کے خلاف شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے ۔ یورپی یونین کے ممالک بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں ۔ انسانی حقوق کا وکیل ہونے کے ناطے یورپی ممالک بھارتی مظالم کی مذمت کریں ، بھارت کو انسانی حقوق کی پامالی سے روکنے کیلیے اقدامات اٹھائے جائیں،بھارت انسانی حقوق غصب کر کے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی مطالبے سے نہیں ہٹا سکتا ۔