قومی دفاع

یوم دفاع کی بھرپور کوریج پر آرمی چیف کا میڈیا سے اظہار تشکر

یوم دفاع کی بھرپور کوریج پر آرمی چیف کا میڈیا سے اظہار تشکر
راولپنڈی(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی بھرپور کوریج کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ریاستی پالیسیوں کو فروغ دینے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی تعمیر و ترقی میں میڈیا نمایاں طور پر حصہ لیتا ہے، یوم دفاع پر بھرپور کوریج کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں متعدد تقریبات منعقد ہوئیں جن میں ملک و قوم کی خاطر فوجی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یوم دفاع کے موقع پر میڈیا نے ذبردست کوریج کی اور جوانوں کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ہم نے افغانستان کو بھی اپنی بساط سے بڑھ کر سہارا دینے کی کوشش کی ہے۔ لیکن ہم افغانستان کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑ سکتے۔ ہم نے بہت نیک نیتی سے افغانستان میں مذاکرات اور امن کی کوشش کی ہے۔ تاہم افغانستان ایک خود مختار ملک ہے جو اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔ اگر آج بھی افغان دھڑوں کا راستہ صرف جنگ کی طرف ہی جاتا ہے تو ہم اِس جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے۔ تاہم، ہم یہ ضرور کر سکتے ہیں کہ مکمل غیر جانبداری کیلئے افغان مہاجرین کی جلد اور باعزت واپسی میں مدد کریں اور اپنے بارڈر کی مکمل حفاظت کریں۔ اس سلسلے میں ہم بارڈر پر 2600کلومیٹر طویل باڑ لگا رہے ہیں اور 900سے زائد پوسٹیں اور قلعے اس کے علاوہ ہیں۔ ہم اس پالیسی پر قائم ہیں کہ اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ اور ہم دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ جن دہشتگردوں نے مغربی سرحد کے پار پناہ لے رکھی ہے, اُن کے خلاف جلد اور مؤثر اقدام ہوں گے۔