امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں میں کیش ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب
سرگودھا۔15 اکتوبر(ملت + اے پی پی )عاشورہ محرم الحرام خیر و عافیت سے گزرنے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرکے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے والے پولیس افسران اور ملازمین میں آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم کی جانب سے کیش ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا سہیل چوہدری نے کہا کہ یہ کیش ایوارڈ تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم کرنے اور بہتر کوآرڈی نیشن کرنیوالے پولیس افسران اور اہلکاروں کو دینے سے نہ صرف ان پولیس افسران اور اہلکاروں کے حوصلے بلند ہونگے بلکہ دوسرے بھی اس کی تقلید کرینگے، یکم محرم سے عاشورہ محرم تک پولیس کی جانب سے جو انتظامات کئے گئے وہ قابل تحسین ہیں ،تمام مکاتب فکر کے علماء کرام‘ مشائخ عظام‘ ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ممبران‘ تاجر‘ وکلاء‘ صحافی‘ سماجی کارکن اور ریسکیو 1122 ‘ قومی رضا کار‘ محکمہ صحت‘ واپڈا‘ بلدیہ اور اسی طرح دیگر محکموں کے اہلکار بھی بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں، ڈی پی او سہیل چوہدری نے کہا کہ آل پاکستان سمال ٹریڈرز بزنس فورم کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے جو کیش ایوارڈ دیئے ہیں وہ خوش آئند ہے، اس سے ملازمین کے حوصلے بلند ہونگے ،اس موقع پر APBF کے وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور خصوصاً ڈی پی او سرگودھا نے اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی جس انداز سے کی یہ بھی قیام امن میں سنگ میل ثابت ہوا اور اسی طرح کا ماحول قائم کرنے کیلئے پولیس کو عوام دوست فورس کا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ شہری امن و امان‘ جرائم کے خاتمے میں خوشی سے پولیس کی معاونت کریں ،ڈی پی او سرگودھا نے اپنے دست مبارک سے کیپٹن (ر) بلال افتخار‘ ایس ڈی پی او شاہد نذیر‘ انسپکٹر سکیورٹی عنایت اللہ‘ ایس ایچ او سٹی قیصر گجر ودیگر پولیس اہلکاروں کو ایوارڈ دیئے شاہین احسان مغل نے کہا کہ محرم الحرام میں ڈویژن بھر میں امن کو قائم رکھنے کا سہرا کمشنر سرگودھا ندیم محبوب‘ ڈی آئی جی سرگودھا ذوالفقار حمید ‘ چاروں اضلاع کے ڈی سی اوز‘ ڈی پی اوز کے سر ہے۔