1965 کی جنگ میں بھارت کی جانب سے قیدی بنائے گئے پاک فوج کے سپاہی مقبول حسین انتقال کرگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپاہی مقبول حسین کا انتقال سی ایم ایچ اٹک میں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر سپاہی مقبول حسین کو 1965 کی جنگ میں بھارت نے جنگی قیدی بنالیا تھا۔ سپاہی مقبول حسین 40 سال بھارتی جیلوں میں قید رہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سپاہی مقبول حسین کو 2005 میں بھارتی قید سے رہائی ملی تھی اور وہ پاکستان آئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی مقبول حسین کو آج مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی مقبول حسین کو ستارہ جرات سے نوازا جاچکا ہے۔