راولپنڈی: پاک فوج نے رواں برس 6 ستمبر کو یوم دفاع و شہداء منفرد انداز میں منانے کا اعلان کر رکھا ہے، اس دن قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے اور شہیدوں کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 24 اگست کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ قوم 6 ستمبر کو ‘ہمیں پیار ہے پاکستان سے’کے عنوان کے تحت منفرد انداز میں اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرے گی اور اب اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی شیئر کردی گئی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘پاکستان کے ہر طبقے کے فرد نے پچھلے 70 سال میں بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، جن میں ایک ریڑھی والے سے لے کر مسلح افواج کے جوان اور دیگر افراد بھی شامل ہیں’۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ‘پچھلے 15، 20 سال میں جتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں، اتنی کسی اور ملک نے نہیں دیں، لہذا ہم نے سوچا کہ اس مرتبہ یوم دفاع منفرد انداز سے منایا جائے’۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ‘6 ستمبر کو میڈیا اور عوامی نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں اور انہیں احساس دلائیں کہ آپ کے شوہر، بھائی، باپ، بیٹے نے قربانی دی، اس طرح لوگوں میں احساس پیدا ہوگا’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دن شاپنگ مال شہیدوں کی تصاویر سے سجائے جائیں گے اور بسوں، ویگنوں، ٹرکوں، پرائیویٹ گاڑیوں، ٹرینوں، اسٹیشنوں اور تمام ایئرپورٹس پر شہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ‘6 ستمبر کو ہمارا ہر شہید سب کو نظر (visible) آئے گا’۔
اس حوالے سے مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوگی، جسے براہ راست نشر کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے اور شہیدوں کے لواحقین کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔
یومِ دفاع کے سلسلے میں افواجِ پاکستان ہتھیاروں کی نمائش بھی کریں گی۔
تعلیمی اداروں میں شہدا کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہوں گی اور افواجِ پاکستان کے شہداء کے لواحقین اورغازیوں کے لیے ہرچھاؤنی میں دن کے وقت تقاریب ہوں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم سے اس دن بھرپورشمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ‘آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداء کو یاد رکھیں’۔
میجر جزل آصف غفور نے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ شہید ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں’۔