تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات….سید اظہر حسنین عابدی
س۔میرے بیٹے نے انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری یو ای ٹی لاہور سے پاس کی ہے برائے کرم مجھے بتائیںکہ اس کو کہیں ملازمت کرنی چاہئے یاپھر اپنی تعلیم جاری رکھے؟ (رمیض دیوان۔لاہور)
ج۔ اس سوال کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا بیٹا مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرنا چاہتا ہے یا بیرون ملک سے۔ اگر وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو میں اسے مشورہ دوں گا کہ وہ مینو فیکچرنگ مینجمنٹ یا ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم ایس سی کرے جس سے نہ صرف اس کی موجودہ ڈگری کی اہمیت بڑھ جائے گی بلکہ اس کیلئے مزید بہتر مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
س۔سر میں ماس کمیونیکیشن کا طالبعلم ہوں اور تعلیم کے چنائو میں آپ سے رہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہئے؟ برائے کرم مجھے بتائیں کے میرے کریئر کے لئے بہتر کیاہے؟ (سلمان سندھو۔اوکا ڑہ)
ج۔اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہے ہیں اورلوکل یا انٹر نیشنل میڈ یا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتے ہیںتو آپ کوانگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہئے ۔
س۔سر میں نے بی ایس سی (آنرز)الیکٹرونکس میں لاہور سے 2013میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے
سے کام نہیں کر سکتیں۔میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟ (ماروی احمد۔لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کیساتھ ماسٹر مینجمنٹ میں کریںاور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔اس سے آپ کا کیریئرمینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔سر میں فارم ڈی کا طالبعلم ہوں میں اپنا کیر یئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کروںیا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے؟ (فیصل اقبال۔پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیریئر بنائیںفارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقینا آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سر میں نے پنجاب یونیوسٹی لاہورمیں زراعت کے شعبے میں داخلہ لیا ہے۔میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں اسی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھوں جبکہ میرا رجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے او ر اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔برائے کرام میری رہنمائی فرمائیں؟ (طفیل احمد۔لاہور)
ج۔مائیکروبائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیرئیر کو چار چاندلگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔زراعت کا شعبہ آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ ِمائیکروبائیولوجی میں آپ ریسرچ تجزیہ کارکی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں اور اس میں آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔ ایجوکیشن کونسلنگ کے حوالے سے مجھے آپ کی رہنمائی چاہئے۔میں نے بی ایس سی آئی۔ٹی کیا ہے اورآئی ٹی کے شعبے میںنیٹ ورک سپورٹ انجینئر کی حیثیت سے کام کررہا ہوں،میں آگے ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ سکوں۔ مجھے بتائیں کہ مجھے کونسی ا سپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے جس سے مجھے میرے کریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔(دلاور بشیر۔ایبٹ آباد)
ج۔اگر آپ ماسٹرز میں جانا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Networks MSc Distributed یا ایم ایس سی کمپیوٹر نیٹ ورکس میں کریں اور خصوصاََ بیرون ملک میں سے کسی یونیورسٹی سے کریںلیکن اگر بیرون ممالک آپ مالی حالات کی وجہ سے نہیں جا سکتے تو آپ پاکستان کی یونیورسٹی سے یہ ڈگری کر سکتے ہیں۔