منتخب کردہ کالم

جمائما کی ”دوسری“ شادی؟ … ڈاکٹر محمد اجمل نیازی

جمائما

جمائما کی ”دوسری“ شادی؟ … ڈاکٹر محمد اجمل نیازی

کڑاکے دار سیاستدان شیخ رشید نے کہا ہے بلکہ عمران خان کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جمائما کو پاکستانی سیاست میں لاﺅ اور کوئی مذہبی و معاشرتی رکاوٹ نہ ہو تو جمائما سے پھر شادی کر لو۔ یہ مشورہ ستر سال کے بوڑھے سیاستدان نے دیا ہے۔ شیخ رشید غیرشادی شدہ ہے؟ یہ بہت بڑا خراج تحسین ہے جو برادرم شیخ رشید نے جمائما بی بی کو پیش کیا ہے۔ اس پر بات کرتے ہوئے عمران خان پہلے شرمائے اور پھر شرماتے ہوئے کہا کہ پرانی باتیں تازہ نہ کرو۔ اس دوران خبر آ گئی کہ گلوکار سلمان احمد کی دعوت پاکستان آنے کے لیے جمائما نے قبول کر لی ہے۔ وہ اگلے سال پاکستان آ رہی ہیں۔ اگلے سال میں چند دن رہ گئے۔ اس لیے دوست پریشان نہ ہوں۔
میری بیوی بہت زبردست اور گھریلو خاتون ہے۔ ہم دونوں کی شادی بڑے آرام سے ہوئی۔ نہ ڈھول ڈھمکا نہ شور شرابا نہ کوئی رسم و رواج۔ میں اور میری اہلیہ ایک کرسچن سٹوڈنٹ عصمت بنجمن کی شادی میں شریک ہوئے۔ اس نے خود میرے گھر آ کر دعوت دی۔ ہم لوگوں کا وطیرہ ہے کہ دلہن خود آ جائے تو پھر دعوت پر جانا پڑتا ہے۔ وہ بہت بارونق شادی تھی۔ میں نے ساتھ بیٹھی ہوئی اہلیہ رفعت خانم سے کہا کہ آﺅ تم اور میں آج کی شادی کی طرح دوسری شادی کر لیں۔ بڑا رونق میلہ لگے گا۔
اس نے بے ساختہ کہا کہ میں دوسری شادی کی اجازت تمہیں اپنے آپ کے ساتھ بھی نہیں دوں گی مگر میرا خیال ہے کہ جمائما ایسا نہیں کرے گی۔ وہ بڑی عورت ہے اور اب تک ایک نامعلوم سا تعلق عمران خان کے ساتھ محسوس کرتی ہے۔ اگر عمران خان اور جمائما کا موازنہ کیا جائے تو اکثر لوگ جمائما کے حق میں رائے دیں گے۔ عمران خان جمائما کی اب بھی بہت عزت کرتے ہیں۔
طلاق کے کافی عرصے کے بعد بھی جمائما کے نام کے ساتھ خان کا لفظ استعمال ہوتا رہا ہے۔ جمائما خان۔ پہلے پہل لوگوں نے اس شادی کے لیے باتیں کیں۔ اور پھر وہ جمائما کی شخصیت اور ایک محترم نسوانی رویہ دیکھتے ہوئے اسے پاکستان کی بہو ماننے پر تیار ہوئے اور متفق ہوئے۔ پچھلے دنوں جب نواز شریف کی طرح عمران خان بھی عدالتی معاملات میں اپنی آمدنی اور اثاثہ جات کے حوالے سے پھنس گئے تو جمائما نے بہت پرانے کاغذات کھنگال کے عمران خان کو بھیج دیے۔ اس طرح وہ بچ گئے اور ان کے ساتھی جہانگیر ترین نااہل ہو گئے۔ لوگوں نے خوش ہو کے جشن منایا۔ اس کا کریڈٹ جمائما کو جاتا ہے۔ شکریہ جمائما خان۔ ترین صاحب کے لیے کہا گیا کہ وہ پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں۔
لگتا ہے کہ شیخ رشید کو عمران خان نے کہہ دیا ہو گا کچھ کھچڑی سی پک رہی ہے۔ اس کے لیے پاکستان بھر کے تحریک انصاف کے خواتین و حضرات کو بلایا جائے۔ دونوں کچھ کچھ تیار ہیں اور رضامند بھی ہیں۔ میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی۔ عمران نے ریحام خان سے شادی کر کے بہت کچھ ثابت کر دیا ہے۔ پھر اسے طلاق دے کے اپنا راستہ بھی ہموار کر لیا ہے۔ جمائما نے بنی گالہ کے لیے کئی ادائیگیاں کی ہیں۔ بنی گالہ اصل میں جمائما کا گھر ہے۔ اس نے لندن میں عمران کے دونوں بیٹوں کی تعلیم و تربیت، نشوونما اور دیکھ بھال کا فریضہ انجام دیا ہے اور انہیں اپنے باپ عمران کی کمی کا احساس نہیں ہونے دیا۔
بہت پہلے شوکت خانم کینسر ہسپتال میں فنڈ ریزنگ کے لیے ایک بڑے اجلاس میں میری ملاقات جمائما اور لیڈی ڈیانا سے ہوئی تھی۔ دونوں نے مجھ سے ہاتھ ملایا اور بہت خوشدلی سے بات بھی کی۔ دونوں بہت اچھی عورتیں ہیں۔ اس طرح کے ایک دوسرے اجلاس میں خاتون کمپیئر نے عمران خان کے لیے ایک تقریب میں جمائما سے گذارش کی کہ وہ بھی کچھ کہیں مگر عمران خان نے اسے روک دیا اور وہ اپنی نشست پر بیٹھ گئی۔ مجھے عمران کی اس حرکت پر دکھ ہوا۔ وہ جو بات کہتی عمران خان کے لیے اچھی بات ہوتی۔ یادش بخیر سندھ کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ جنہیں (ریٹائرڈ) وزیراعلیٰ کہنا چاہیے۔ شاہ صاحب نے کہا کہ ابھی تو میں جواں ہوں۔ عمران خان اور میری عمر میں بہت کم فرق ہے؟
آخر میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی بات حاضر خدمت ہے جو مجھے پسند آئی ہے۔ امیر جماعت نے کہا ہے کہ جمائما کی بات بھی ٹھیک ہے مگر اپنے ملک کی غریب اور یتیم بچیوں کا بھی خیال رکھو۔ وہ جو ماں باپ کے گھر شادی کے انتظار میں بوڑھی ہو جاتی ہیں۔ ان کے گلے میں سونے کے زیورات کی بجائے ان کے سر کے بالوں میں چاندی اتر آتی ہے۔
اس حوالے سے کسی الیکٹرانک میڈیا کے صحافی نے رحمان ملک سے بھی عمران اور جمائما کی دوسری شادی کا پوچھ لیا تو انہوں نے جو جواب دیا وہ میں یہاں لکھ نہیں سکتا.
..
اگلا کالم