خواتین و حضرات کے مسائل….گل نوخیز اختر
خواتین و حضرات کے مسائل اتنے گمبھیر ہیں کہ سن کر کلیجہ منہ کو آتا ہے اور حیرت ہونے لگتی ہے کہ اتنے مشکل حالات میں بھی یہ کیسے زندہ ہیں۔ پہلے خواتین… میری طویل تحقیق کے نتیجے میں خواتین کے بلڈ پریشر بڑھنے اور ڈپریشن کی علامات ظاہر ہونے کی وجوہات یہ ہیں کہ… 32 نمبر کا ہیر کلر نہیں مل رہا۔ کٹ پیس میلہ ختم ہو گیا لیکن ایک بھی سوٹ نہیں خریدا جا سکا۔ خالوکے بیٹے کی سالی کی بیٹی کی شادی طے کرتے وقت مجھ سے مشورہ کیوں نہیں لیا گیا۔ نئی جوتی کے اوپر لگا جو موتی ٹوٹ گیا تھا وہ کہیں سے نہیں مل رہا۔ ہمسائی کون سے بیوٹی پارلر جاتی ہے؟ خالہ حمیداں نے جو رنگ گورا کرنے والی ذاتی کریم بنائی ہے اُس کا نسخہ کیا ہے؟ شوہر کسی بات میں میری حمایت کیوں نہیں کرتا؟ سُسرال والوں نے نیا اے سی کیسے لگوا لیا؟ نئے کپڑوں کے ساتھ میچنگ دوپٹہ نہیں مل رہا۔ دوست بتا رہی تھی کہ اس نے فوٹو شاپ سے دس منٹ میں اپنا رنگ گورا کیا ہے‘ یہ فوٹو شاپ ملتی کہاں سے ہے؟ بھوک نہیں لگتی‘ وزن مسلسل بڑھتا جا رہا ہے‘ پائوں میں جلن رہتی ہے‘ یقینا شوگر ہو گئی ہے۔ شوہر چھپ چھپ کر اپنے گھر والوں کی مالی مدد کرتا ہے۔ سسرال والوں نے کبھی مجھے بہو تسلیم نہیں کیا۔ شناختی کارڈ میں میری عمر غلط لکھی ہوئی ہے۔ بھائی کی شادی پر مجھے سب سے گھٹیا سوٹ دیا گیا۔ سب سمجھتے ہیں کہ میں بونگیاں مارتی ہوں۔ میری قسمت میں سکون نہیں۔ میں سب کا خیال رکھتی ہوں لیکن کوئی میرا خیال نہیں رکھتا۔ سامنے والوں کے گھر چاول بھیجے تھے‘ دو ماہ ہو گئے ابھی تک پلیٹ واپس کیوں نہیں آئی۔ میکے جانے پر بھابیاں مجھے اکیس توپوں کی سلامی کیوں نہیں دیتیں۔ میرے بھائی ‘رن مرید‘ کیوں ہو گئے ہیں۔ میں ہمیشہ صحیح بات کرتی ہوں پھر بھی کوئی برداشت کیوں نہیں کرتا۔ میرے حصے میں ہمیشہ پرانا موبائل کیوں آتا ہے؟ مجھے کسی کی نظر لگ گئی ہے۔ میرا ہر خواب سچا کیوں ہونے لگا ہے۔ مجھ میں یقینا روحانی صلاحیتیں پیدا ہو گئی ہیں۔ سسرال والے مجھ سے ہر بات چھپاتے ہیں۔ کاش میرے نصیب میں میرے جیسے کوئی خاندانی لوگ ہوتے۔ کیا میں موٹی ہوں؟ محلے کے بچے مجھے آنٹی کیوں کہتے ہیں۔ سارے رشتہ دار ہم سے جلتے ہیں۔ کاش میں نے گھر والوں کی مرضی مان لی ہوتی۔ شوہر کو میری سالگرہ کی تاریخ یاد نہیں رہتی۔ میں کتنی مظلوم ہوں۔ میں چپ رہتی ہوں پھر بھی ہر کوئی میرے خلاف کیوں ہے۔ بچے نہ ہوتے تو میں کوکنگ کلاسز اٹینڈ کرتی۔ صرف میں ہی دُکھی ہوں باقی سب بہت خوش ہیں۔ کیا نئی لپ اسٹک کا شیڈ ٹھیک ہے؟ درزی نے چاک لمبے کیوں رکھ دیے ہیں۔ مجھ پر تعویز کرائے گئے ہیں۔ شوہر نے کبھی میری صلاحیتوں کا اعتراف نہیں کیا۔ شکیل ہی ٹھیک تھا۔
اور اب ذرا کچھ نظر مردوں کے مسائل پر۔ یہ مسائل زیادہ سنگین ہیں اور عین ممکن ہے اِنہیں پڑھتے ہوئے آپ پر رقعت طاری ہو جائے لیکن مجبوری ہے۔ دوسری طرف کی سیچوایشن بتانا بھی ضروری ہے۔ مردوں کے مسائل یہ ہیں: پیر دبوانا کہاں کی شرافت ہے۔ گھر کے سارے تولیے ایک ہی دن دھو دیتی ہے اور پھر بستر کی چادر سے بھی منہ نہیں صاف کرنے دیتی۔ حرام ہے جو فریج میں کولڈ ڈرنک کی بوتل سلامت رہ جائے۔ پیسے کہاں چھپا کر رکھے جائیں۔ گاڑی کے بونٹ پر کیل سے ‘چنگڑ‘ لکھنے والا یقینا میرا سالا ہے۔ گھر میں وافر آٹا ہونے کے باوجود مجھے تنور سے روٹیاں لانے بھیجا جاتا ہے۔ کاش میں شادی سے پہلے ہی سب کچھ سچ سچ بتا دیتا۔ قمیص کی جیب میں جو پانچ سو کا نوٹ پڑا رہ گیا تھا وہ کیوں نہیں مل رہا‘ ماسی پر تو مجھے پورا اعتماد ہے وہ چوری نہیں کر سکتی۔ کیا واقعی لڑکیاں بڑی عمر کے مردوں کو پسند کرتی ہیں؟ میں گھر میں ہوتا ہوں تو اے سی کیوں نہیں چلایا جاتا؟ سسرال نے جو سالگرہ پر سوٹ بھیجا ہے وہ پانچ سو والا ہے یا تین سو والا؟ سٹور کی چابی آخر گئی کہاں؟ صوفے پر لگا سگریٹ کا داغ کیسے صاف کیا جائے؟ بیگم کے بڑے بھائی کی اصل عمر پتا چل جائے تو مسئلہ آسان ہو جائے۔ ضرورت کے وقت گھر میں کوئی پین کیوں نہیں ملتا۔ کیبل کی رسید کہاں رکھی تھی؟ آخری تاریخ گزر گئی ہے اب بجلی کا بل جمع کرانے کا کیا فائدہ‘ دوبارہ لگ کے آ جائے گا۔ کیا فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنے والی ‘شکیلہ‘ واقعی کوئی لڑکی ہے؟ دو درجن انڈے ایک ہفتے میں کیسے ختم ہو گئے یقینا سسرالئے آئے ہوں گے۔ مجھے اتنی کم عمری میں شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ بادشاہوں والا ڈرامہ لگتا ہے تو ریموٹ کیوں گم ہو جاتا ہے؟ گھر میں میری عزت کیوں نہیں؟ داڑھ میں درد کیوں رہنے لگا ہے‘ کہیں ہیضہ تو نہیں ہو گیا؟ میں گاڑی میں بیٹھتا ہوں تو لوگ سارے شیشے کیوں کھول دیتے ہیں۔ موبائل کی کون سی وڈیوز پہلے ڈیلیٹ کی جائیں؟ معاشرے میں دوسری شادی کا رواج کیوں نہیں زور پکڑ رہا؟ فیس بک پر دھڑا دھڑ فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنے والی آدھی سے زیادہ لڑکیاں میڈیکل سٹوڈنٹ کیوں ہوتی ہیں؟ خوبصورت لڑکیوں کے باپ اتنے خوفناک کیوں ہوتے ہیں؟ ہمسائی روزانہ ڈیڑھ کلومیٹر پیدل چل کر بس اسٹینڈ تک جاتی ہے اور کسی کو پروا ہی نہیں۔ کیا میں واقعی کھانا کھاتے ہوئے ‘چپاکے‘ مارتا ہوں۔ گھر میں مہمان آئے ہوں تو مجھے کیوں سب سے آخر میں شربت دیا جاتا ہے۔ بیگم کے باپ کے گھر کی مالیت کتنی ہو گی؟ محض چار سال میں کالی شرٹ پرانی پرانی سی کیوں لگنے لگی ہے؟ آف وائٹ پینٹ کی ویسٹ ایک انچ کھلی کروانی پڑے گی۔ گرین کلر والے جوگرز کی پالش کہاں سے ملے گی؟ اُس فلم کا نام ذہن میں کیوں نہیں آ رہا جس میں بندہ بیوی کو ایسے قتل کرتا ہے کہ پولیس بھی کوئی ثبوت نہیں ڈھونڈ پاتی۔ بیوی کے نام کا پرائز بانڈ کبھی نہیں خریدنا چاہیے۔ ہینڈز فری کے دوسرے سپیکر میں آواز کیوں نہیں آ رہی؟ پتا نہیں بیگم نے کاٹن کے سوٹ کو مائع لگوایا بھی ہو گا کہ نہیں۔ کیا کبھی کسی گھر میں ایسا ہوا ہے کہ بیوی ڈبل بیڈ پر سوئے اور شوہر ڈائننگ ٹیبل پر۔ آج شیو کر لی جائے یا پرسوں ماموں کے بیٹے کے عقیقے پر؟ بہن کے لیے جو سوٹ لیا ہے وہ بیوی کی نظر سے چھپا کر کہاں رکھا جائے؟ خود نہانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگاتی ہے لیکن میںگاڑی دھونے لگوں تو چیخنے لگتی ہے کہ ٹینکی خالی ہو جائے گی۔ سو دفعہ سمجھایا ہے کہ گھر میں مرغی پکی ہو تو یہ مت کہا کرو کہ آج Hen پکی ہے۔ پانی کی موٹر میں مٹی کا تیل ڈال کر میرے ‘دوالے‘ ہو گئی ہے کہ تم ہی نے کہا تھا ہر پندرہ دن بعد تیل ڈال دیا کرو۔ رزق تو عورت کی قسمت کا ہوتا ہے‘ اس میں میرا کیا قصور۔ کالی ٹیپ کہاں رکھ بیٹھا ہوں؟ حرام ہے جو ایک بھی ہینگر میرے کپڑوں کے لیے مل جائے۔ چائنہ کے موبائل پر سکرین شاٹ کیسے لیا جاتا ہے؟ باہر کے ملک کی لڑکیاں پاکستان کے دور دراز کے دیہاتی لڑکوں سے شادی پر کیسے راضی ہو جاتی ہیں؟ چار دن پہلے خالہ کے گھر سے مٹھائی کا پورا ایک کلو کا ڈبہ آیا تھا‘ اب صرف برفی کے دو ٹکڑے کیسے رہ گئے؟ کیا مئی کا مہینہ اے سی کی بجائے کولر میں گزر سکتا ہے؟ تسمے والے بوٹوں سے بڑا عذاب کوئی نہیں۔آئندہ جس شادی میں پانچ سو سلامی دینی ہو پوری فیملی کو ساتھ لے کر جانا ہے۔ کیا فیس بک پر مظلوم شوہروں کا بھی کوئی پیج ہے؟ کوئی واٹس ایپ گروپ؟ اطاعت گزار بیویاں کہاں پائی جاتی ہیں؟ کیا وہ مجھے اب بھی یاد کرتی ہو گی؟ ٹیلنٹ کی کوئی قدر نہیں۔ کسی عالم سے پوچھنا چاہیے کہ جو عورت اپنے شوہر کو ”اوئے‘‘ کہہ کر بلائے اس کے بارے میں کیا حکم ہے…؟؟؟