چند اہم معلومات….ڈاکٹر عبدالقدیر خان
الیکشن اور سیاست دانوں کو چھوڑیں، تمام کوشش خودغرضی پر مشتمل ہے ہر شخص طائوس پر براجمان ہونے کی کوشش میں ہے۔ عوام سے جھوٹے وعدے کررہے ہیں اور بعد میں شکل نہیں دکھاتے۔ ہر شخص فرشتہ بن کر آرہا ہے اورہمیں کوئی انسان بن کر سامنے نظرنہیں آرہا، اس قسم کے عمل کو منافقت کہا جاتا ہے اور اللہ ربّ العزّت نے بہت ہی سخت عتاب و عذاب رکھا ہے۔ تکبر والوں کا حشر ہمارے سامنے ہے اب جھوٹے وعدوں کا نمبر ہے صبر کئے لیتے ہیں۔ آئیے کچھ کام کی باتیں کریں جو ہم سب کیلئے بے حد مفید ہیں۔
(1)ایک جاپانی ماہر ڈاکٹر نے طویل تحقیق کے بعد چند اہم ہدایات برائے صحت مند زندگی پیش کی ہیں۔ 1۔تیزابیت (Acidity) صرف خوراک سے ہی نہیں بلکہ اسٹریس و ٹینشن (Stress + Tension) کی وجہ سے بھی ہوتی ہے۔ 2 ۔کولیسٹرول (Cholestrol) نہ صرف مُرغّن غذائوں کی وجہ سے بڑھتا ہے بلکہ اس کی خاص وجہ کاہلی و سُستی بھی ہے۔3۔ہائی پرٹینشن (Hypertension) اس کی وجہ صرف زیادہ نمک یا نمکین غذا ہی نہیں بلکہ اپنے احساسات و جذبات پر معقول کنٹرول (یعنی صبرجمیل جو ذکر اِلٰہی سے ملتا ہے) نہ کرنے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ 4۔دمہ (Asthma) کی وجہ صرف یہ نہیں کہ آپ کے پھیپھڑوں کو آکسیجن پوری طرح، پوری مقدار میں نہیں پہنچ رہی ہے بلکہ خاص وجہ یہ بھی ہے کہ ہم غمگین رہیں، پریشان رہیں، ڈپریشن میں رہیں۔ (اس کو دور کرنے کا
نسخہ نماز و ذکرِ اِلٰہی ہے۔ 5۔ذیابیطس (Diabetes) کی وجہ صرف زیادہ گلوکوز یا شکر کھانے کی نہیں ہے بلکہ اس کی خاص وجہ خودغرضی، ہوس، لالچ، ضد ہے کہ اس سے پتہ (Pancreas) کے کام و کارکردگی میں خرابی پیدا ہوجاتی ہے۔ (ذکر اِلٰہی اور سماعت ِ اِلٰہی اس کا بہترین علاج ہے، چند حکیمی نسخہ جات بھی اب کافی مفید ثابت ہورہے ہیں)۔
اس پروفیسر نے اس تمام تحقیق کا لُب لباب یہ بتایا ہے کہ رُوحانی اثر = 50 فیصد، نفسیاتی اثر 25 فیصد، معاشرتی اثر 15 فیصد اور جسمانی اثر صرف 10 فیصد۔
آپ خود دیکھ لیں کہ روحانیت کتنا بڑا رول ادا کرتی ہے اور ہمارے پاس اسکا دنیا کا بہترین ترین علاج کلام اِلٰہی ہے۔ اس کی سماعت بمعہ ترجمہ کیجئے اور ان بیماریوں سے دور رہئے!
(2) دوسری مفید ہدایت امریکی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کینسر سے محفوظ رہنے کے لئے دی ہے۔ وہ کہتے ہیں 1۔پلاسٹک کے کپ میں کبھی چائے نہ لیں اور نہ پئیں۔ 2۔ کوئی بھی کھانے کی گرم چیز مثلاً فرینچ فرائز (چپس) پلاسٹک بیگ میں نہ لیں اور نہ کھائیں۔ 3۔ کبھی بھی کسی پلاسٹک برتن میں مائکروویو اُوون (Microwave Oven) میں نہ گرم کریں یا یہ کھائیں اس ہدایت کی وجہ یہ ہے کہ جب پلاسٹک گرم ہوتا ہے تو وہ زہریلے کیمیکل اجزاء خارج کرتا ہے جن کی وجہ سے 22 قسم کے کینسر ہوسکتے ہیں۔ اس وجہ سے یہ ہدایت ہزاروں فضول ایس ایم ایس اور ہدایتوں سے بہتر ہے۔ آپ اس ہدایت کو سنجیدگی سے اختیار کریں اور نہایت خوفناک مرض یعنی کینسر سے محفوظ رہیں۔
(3)تیسرا اہم اورپُردرد خط ایک شامی ادیب محمد البوادی کا ہے جس کا ترجمہ برادرم محمد شاہد خان نے کیا ہے۔ اس کو پرھیئے اور سر دُھنئے اور لعنت بھیجئے ان لوگوں پر جو کافروں سے مل کر اس خوبصورت، بہادرقوم، اور خوبصورت ملک کو تباہ کررہے ہیں اور عیاشیوں میں مبتلا ہیں۔ انھوں نے مارکوس، شہنشاہ ایران، کرنل قذافی اور صدّام حسین کے انجام سے نگاہ بند کرلی ہے۔
’’میں چاہتا ہوں کہ ہمارا ملک کافر ملکوں کی طرح ہوجائے۔ اس پر ایک شیخ الاسلام نے فرمایا: ہماری پسماندگی کا سبب کتاب و سنت سے دوری ہے تو محمد البوادی نے یوں اس کا جواب دیا: تم لوگ ہمیشہ طوطے کی طرح ایک ہی رٹ لگاتے رہتے ہو کہ ہماری پسماندگی کا سبب اسلام سے دوری ہے! میں پوچھتا ہوں کیا جاپان، امریکہ، چین، روس اور یورپ کی ترقی کا راز شریعت کی پیروی ہے؟ شیخ محترم: ہماری پسماندگی کی اصل وجہ وہ ’’پسماندہ مذہب‘‘ ہے جو ہمارےبعض تنگ و تاریک ذہنوں کی پیداوار ہے اور یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کو سمجھنے کے لئے کسی دلیل کی ضرورت ہو۔ ہم مسلمانوں کو دیکھئے ہم میں سے جو علم حاصل کرنا چاہتا ہے وہ کافروں کے ملک جاتا ہے۔ جو باعزت زندگی گزارنا چاہتا ہے وہ کافروں کے ملک جاتا ہے۔ جو اپنی دولت کی حفاظت چاہتا ہے وہ اپنا پیسہ کافروں کے بینک میں ڈپازٹ کرتا ہے۔ جو کسی طرح کی معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے وہ کافروں کے مصادر کا سہارا لیتا ہے۔ لاکھوں بھاگنے والوں میں سے کوئی بھی اسلام اور ہدایت کی سرزمینوں میں پناہ نہیں لیتا نہ وہ کسی عرب ملک جاتا ہے نہ اسلامی نیوکلیر ملک پاکستان جاتا ہے نہ دولت و ثروت سے مالا مال ممالک خلیج کا رخ کرتا ہے اور نہ ہی کنانہ کی سرزمین مصر میں پناہ لیتا ہے بلکہ وہ کفار کے ملکوں میں پناہ گزیں ہوتا ہے۔جب رحمت اسلام سے بھاگنے والے مسلمان ساحل کفار کے سامنے ڈوب رہے ہوتے ہیں تو وہی کفار ان کی جان بچاتے ہیں انھیں پناہ دیتے ہیں انھیں کھانا اور دوا دیتے ہیں۔ یہ گاڑی، جس پر تم سواری کرتے ہو ،یہ کمپیوٹر، جس کو تم استعمال کرتے ہو اور یہ موبائل فون، جس سے تم ایک پل بھی جدا نہیں ہوپاتے ہو یہ سب کافر ملکوں کا تیار شدہ ہے۔ یہ دوائیں جو تم پیتے ہو یہ کافر ملکوں سے تیار ہوکر آتی ہیں۔ یہ ہوائی جہاز یہ توپ یہ بندوق یہ ریوالور یہ سب کافر ملکوں کی ہی پیداوار ہیں۔
کافروں کے ملک میں صرف اختلاف رائے یا طریقہ کار کے اختلاف پر قتل نہیں کیا جاتا۔ اگر کوئی انسان ایک دوسرے طریقے پر عمل پیرا ہوتا ہے تو کافر ملکوں میں اس کے قتل کا حکم صادر نہیں کیا جاتا اور نہ تبدیلی مذہب کی وجہ سے اس کا قتل کیا جاتا ہے لیکن علماء اسلام آپ لوگ؟ آپ لوگوں کا تو پوری انسانیت یہاں تک کہ مسلمانوں کے تئیں بھی یہی پسندیدہ مشغلہ ہے۔ کافروں کے ملک میں کسی شہری کو اس لئےنذر زنداں نہیں کیا جاتا کہ وہ مخالف یا کسی دوسری رائے کا حامل ہے جبکہ اکثر مسلمان ملکوں میںیہی سب ہوتا ہے۔
اس لئے میں تم لوگوں سے کہوں گا تم اپنی پسماندگی، اپنے پاس رکھو۔میں ایک شامی ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ میرا ملک بھی کافروں کے ملکوں کی طرح ہوجائے اور میں یہ بات یوں ہی نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ میں اللہ، اس کے فرشتوں، آسمانی کتابوں، اس کے رسولوں اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہوں، قرآن میں غور و فکر کرتا ہوں اور اللہ کی طرف حکمت سے بلاتا ہوں، برخلاف ان علماء کے جنھوں نے اسلام کو ڈرائونا بنا دیا ہے اور وہ امّت اسلامیہ اور انسانیت کی بیخ کنی کر رہے ہیں۔‘‘
(نوٹ) الیکشن کے چند دن رہ گئے ہیں۔ جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے وہ سُن کر سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ ایک مسلمان پہلے اور پھر ایک انسان کی حیثیت سے اس قسم کی زبان زیب نہیں دیتی۔ بس عوام آپ سے درخواست ہے۔
لوگو دُعا کرو کہ آجائیں اچھے لوگ
حالات کہہ رہے ہیں بُرے لوگ آئیں گے