خبرنامہ سندھ

آئندہ بجٹ میں عوام مطمئن ہوگی:قائم علی

کراچی: (اے پی پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے لئے متعدد کئی ترقیاتی منصوبے زیرغور ہیں اور آئندہ بجٹ میں شہر قائد کےلئے اتنی رقم رکھیں گے کہ عوام مطمئن ہوجائیں گے۔ کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں آپریشن کے باعث امن وامان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہوچکی ہے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بھی واضح کمی ہوئی ہے، امن و امان کے قیام کےسلسلے میں تمام ممکنہ کوششیں کررہے ہیں۔ رینجرز پولیس اور ٹریفک اہلکاروں پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو امن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد نئے ترقیاتی منصوبے بھی زیر غور ہیں اور آئندہ بجٹ میں کراچی کےلئے اتنی رقم رکھیں گے کہ عوام بھی مطمئن ہوجائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 5 ماہ قبل انہوں نے شہر میں نکاسی آب اور برساتی نالوں کی صفائی کا حکم دیا تھا اور سستی برتنے پر کے ایم سی کے 2 افسران کو بھی معطل کیا گیا تھا۔ اب دوبارہ صفائی کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام تر اقدامات مکمل کر لئے جائیں۔