کراچی(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ، آئی جی ، ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر سول وعسکری حکام شریک ہوئے۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کے شرکا کو کراچی کی امن وامان سمیت مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جب کہ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا اور جیلوں کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کراچی سینٹرل جیل سے قیدیوں کے فرار کے معاملات بھی زیر غور آئے جب کہ ایپکس کمیٹی نے کراچی میں معاشی سرگرمیوں کے لیے دیرپا امن کی ضرورت پرزور دیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایجنسیوں کی کارکردگی منظم بنانے پرکراچی کور، سندھ رینجرز کی تعریف کی اور سندھ پولیس کی حالیہ بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔ آرمی چیف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہم آہنگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے جلد انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قابل ذکر کامیابیوں کے باوجود ابھی طویل راستہ طے کرنا ہے جب کہ پاک فوج تمام ریاستی اداروں کے لیے حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا قیام امن کے لیے ریاستی رٹ کا احترام ضروری ہے کیوں کہ امن کا قیام ریاست کی رٹ سے ہی ممکن ہے۔