کراچی:(آئی این پی)اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی بڑی پارٹی ہونے اور اس کی جڑیں عوام میں ہونے کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی جد و جہد، قربانیوں، جمہوریت کی بحالی، استحکام، تحفظ اور ملک کے پسماندہ عوام کے حقوق کے لئے کی گئی جد و جہد کی کوئی اور مثال نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے والد سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے اور اس میں ہی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دوران قید بہادری اور بیباکی سے کی گئی جد و جہد کی وجہ سے کارکنان اور عوام نے ہمیشہ انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت کو پٹری پر لانے میں مدد ملی۔ پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لئے انہوں نے صدر کے طور پر اپنے اختیارات منتقل کئے جس سے یہ ثابت ہوا کہ آصف علی زرداری نہ صرف پارٹی بلکہ پورے ملک کا ایک عظیم اثاثہ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ تنظیمی تبدیلی ایک مستقل مشق رہی ہے اور پارٹی کے اندر ایسے تمام فیصلے باہمی مشورے سے کئے جائیں گے تاکہ نئے اور پرانے چہرے مل کر اس ملک سے غربت، جہالت، انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کام کریں۔