کراچی: (آئی این پی) پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما سہیل بلوچ نے گزشتہ روز احتجاجی ریلی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کے لیئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست کے باوجود ائرپورٹ پولیس نے 24 گھنٹے کے بعد بھی مقدمہ درج نہیں کیا ۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ گزشتہ روز ریلی کے دوران جان بحق افراد کا مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ گزشہ روز جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے مقدمے میں وفاقی وزیر پرویز رشید ، سینیٹر مشاہد اللہ، شجاعت عظیم اور عرفان الہی سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا جائے ۔ عدالت نے ایکشن کمیٹی کی درخواست سماعت کے لیئے منظور کر کے ایس ایچ او ائیر پورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعرات کے روز عدالت طلب کر لیا دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو فضائی آپریشن بند ہونے کی کوئی پرواہ نہیں اگر اسے کوئی فکر ہوتی تو رابطہ کرتی ۔ اگر کوئی مذاکرات کرے گا تو ہم تیار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا اور ایک قدم اور بڑھے گا۔