اجازت ملے یا نہ ملے 5 نومبر کو جلسہ ہو گا، فاروق ستار
کراچی(ملت آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ انتظامیہ ہمیں شہر میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی لیکن اجازت ملے یا نہ ملے 5 نومبر کو ہر صورت جلسہ کریں گے۔
کراچی میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہمارے پرچم اتارے جا رہے ہیں اور ان کی جگہ جماعت اسلامی کے پرچم لگے ہوئے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے مزار قائد پر جلسے کی اجازت مانگی تو ایک ہفتے بعد بتایا گیا کہ اجازت نہں مل سکتی، ہم نے کہا کہ جگہ تبدیل کرنے کو تیار ہیں لیکن تاریخ تبدیل نہ کی جائے لیکن نہ ہمیں سنا جا رہا ہے اور نہ ہی ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاسی اور جمہوری حق غضب کیا جا رہا ہے، پولیس اور انتظامیہ ہماری پیش کش قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا کراچی میں بیک وقت دو جلسوں کا انتظام ہو سکتا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے جواب ملا کہ 5 نومبر کو شہر میں کہیں بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں روکا گیا اور اجازت نہ دی گئی تو اس کے باوجود جلسہ کریں گے، 5 نومبر کو مزار قائد یا لیاقت آباد 10 نمبر انٹر سیکشن پر جلسہ کیا جائے گا۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم پر بہت سے الزامات لگائے جا رہے ہیں، مجھ پر سرفراز مرچنٹ کا منی لانڈرنگ کا الزام بے بنیاد، لغو اور جھوٹ پر مبنی ہے اور سرفراز مرچنٹ کے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد کوئی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی اور اگر 22 اگست سے پہلے کوئی منی لانڈرنگ ہوئی ہے تو مجھے اس کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز مرچنٹ کے اپنے کردار پر کتاب لکھی جا سکتی ہے۔