خبرنامہ سندھ

احتساب کا قانون چیلنج کرنے والے اس میں خرابی بتائیں، سعید غنی

کراچی(ملت آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سعید غنی کا کہنا ہے کہ احتساب کا قانون چیلنج کرنے والے اس میں خرابی بتائیں۔

سندھ نیب آرڈیننس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک ہی جرم کے خلاف 2 اداروں کا کام کرنا عجیب بات ہے، سندھ میں اینٹی کرپشن ادارہ احتساب کمیشن کی جگہ لے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ سے پہلے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن بن چکا ہے لیکن تحریک انصاف سندھ میں نیب کو قائم رکھنا چاہتی ہے۔
نیب کو اراکین سندھ اسمبلی کے خلاف انکوائری جاری رکھنے کا حکم

پیپلزپارٹی کے رہنما کے مطابق اینٹی کرپشن کا سربراہ اسپیکر کو رکھا گیا ہے ، اگر اپوزیشن کو اسپیکر پر اعتراض ہے تو رائے دیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں نیب آرڈیننس ختم کئے جانے سے متعلق عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے مانیں گے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں نیب آرڈیننس کے خاتمے کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ فنکشنل کی مشترکہ درخواست کی سماعت کی اور عدالت نے نیب کو صوبے میں کارروائی جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے۔