خبرنامہ سندھ

نیب کے متبادل احتساب کمیشن لانا ہمارا اختیار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو ( نیب) کے متبادل نظام لانا حکومت کا اختیار ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں بھی عدالت نے احتساب کمیشن بنانے کی اجازت دی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گورنر محمد زبیر کی جانب سے نیب کی منسوخی کا بل مسترد کئے جانے کے بعد اسمبلی بل کو دوبارہ پاس کر چکی ہے تاہم نیب کے متبادل نظام لانا ہمارے اختیار میں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایوان کو بتایا کہ سندھ احتساب کمیشن کے سربراہ کا تقرر ایک کمیٹی کرے گی جب کہ کمیٹی میں اسپیکر اور اپوزیشن ارکان بھی شامل ہوں گے اور احتساب کمیشن کے چیرمین کے کام میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیب نے ٹریکٹر اسکیم کو کلین چٹ دی لیکن اس میں غبن ثابت ہوا جب کہ آر او پلانٹس کو نیب نے کلین چٹ دی ہوئی ہے، نیب کسی چیز پر ہاتھ ڈال دے تو کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔

اپوزیشن کی جانب سے تنقید کئے جانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پوری اسمبلی اور اسپیکر کو بدنیت کہا یہ درست نہیں، آپ حکومت اوراسپیکر کے لیے سخت الفاظ استعمال نہیں کرسکتے۔