کراچی:(اے پی پی )سندھ ہائیکورٹ نے ہیپاٹائٹس ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دائر درخواست پر وزارت صحت،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر فریقین کو2مارچ کے لیے نوٹس جاری کردیے۔ ہیپاٹائٹس ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پاکستان فارما سیوٹیکل کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کے داماد کی فیروز سنز کمپنی کوفائدہ پہنچانے کے لیے ادویات کی قیمتیں مقرر نہیں کررہی۔ فیروز سنز ہیپاٹائٹس کی دوا 38ہزار روپے جبکہ دیگر کمپنیاں 26ہزار میں فروخت کرناچاہتی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت خود ڈرگ ریگولیٹری پالیسی پر عمل درآمد نہیں کررہی لہذا ملک میں ادویات کی قلت، قیمتوں میں اضافے اور پالیسی پر عمل درآمد نہ ہونے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دورکنی بینچ نے کی۔