کراچی:(اے پی پی)چند روز قبل رینجرز کے ہاتھوں لیاری کے علاقے گلستان کالونی سے گرفتار مفرور ملزم انسپکٹر چاند خان نیازی نے ارشد پپو کے اغوا کی منصوبہ بندی کا راز فاش کردیا۔ملزم انسپکٹر چاند خان نیازی نے تفتیش کے دوران بتایاہے کہ ارشد پپو کے اغوا میں اعلیٰ افسران ملوث ہیں جبکہ 3 کروڑ روپے اغوا کے عوض لئے گئے۔چاند خان نیازی کے مطابق ارشد پپو کو اغوا کرنے سے 2 روز قبل عزیر بلوچ کے گھر دعوت کا اہتمام ہوا جس میں 6 ایس پیز شریک ہوئے جن میں سےاب بیشتر ایس ایس پیز کے عہدے پر ترقی کرچکے ہیں جبکہ 5 انسپکٹرز اور دیگر پولیس اہلکار بھی دعوت میں شریک تھے ۔چاند خان نیازی کے مطابق دعوت کے بعد قانون کے رکھوالوں نے ارشد پپو کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کی اور اعلیٰ افسران کے حکم پر میں نے پولیس پارٹی تشکیل دی ۔ ارشد پپو کو اغوا کرنے کے عوض عزیر بلوچ سے 3 کروڑ روپے لئے گئے جبکہ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے ملوث تمام افسران کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔