خبرنامہ سندھ

اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق پلان تشکیل دیدیا ہے، قائم علی شاہ

کراچی:(آئی این پی) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے کے اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق پلان تشکیل دے دیا ہے۔کوشش ہے کہ اسکولوں کی سیکیورٹی جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی۔
کراچی میں اسکول پر دستی بم حملے کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اسکولوں کی سیکیورٹی بھی بحث کا موضوع بنی رہی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ اگراسکولوں میں بچے محفوظ نہیں تو اسمبلی کی ساری کارروائی بیکار ہے۔ حکومت سیکیورٹی کے معاملے پر تعاون نہیں کر رہی۔
اس موقع پر سینئر وزیر نثار کھوڑو کا کہناتھا کہ حکومت سو نہیں بلکہ جاگ رہی ہے۔اسکولوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے صرف سندھ کی بات ہی کیوں کی جاتی ہے اس کے برعکس دیگر صوبوں کی سیکیورٹی کی حالت زیادہ خراب ہے۔