کراچی (آئی این پی )انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم قائد سمیت 22 مرکزی رہنماؤں کے 23 مقدمات میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے جبکہ متحدہ رہنما وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں 26 مارچ تک توسیع کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک نے ایم کیو ایم قائد کی اشتعال انگیر تقاریر کے 23 مقدمات میں قائد سمیت 22 مرکزی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے جبکہ متحدہ رہنما روف صدیقی اور نامزد مئیر کراچی وسیم اختر کی عبوری ضمانت میں 26 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے۔ عدالت کے حکم کے باوجود نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ جمع نہ کرانے اور عدم حاضری کے باعث تفتیشی افسر اور مفرور رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردئیے۔ مقدمے میں نامزد رہنما ایم کیو ایم خواجہ اظہار الحسن کی دائر کردہ عبوری ضمانت کی درخواست عدم حاضری کے باعث منسوخ کردی گئی۔ خواجہ اظہار الحسن نے گزشتہ روز اسی عدالت سے 21 مقدمات میں بیس سے تیس ہزار کے عوض عبوری ضمانت حاصل کررکھی تھی۔