کراچی(اے پی پی)ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ اغوا برائےتاوان میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کی رپورٹ انہوں نے آئی جی کو بھیج دی تھی۔ شہریوں کو اغواء کرکے تھانوں میں بند کرنے میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کی رپورٹ منظر پر آتے ہی اعلیٰ حکام کو بھیج دی تھی جس میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی مگر کراچی پولیس نے اس سلسلے میں مقدمات درج نہیں کئے۔ اغواء برائے تاوان کے مقدمات درج کرنا سی ٹی ڈی کا کام نہیں ہے لیکن گذشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے سخت ریمارکس کے بعد بھی پولیس کی جانب سے رات گئے تک مقدمات درج نہ کئے گئے تو انہوں نے اپنے شعبہ سی ٹی ڈی میں تین ایف آئی آر درج کرادیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے مقدمات کے تحت 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔