خبرنامہ سندھ

الطاف حسین پارٹی چھوڑ کر جانے والوں سے مایوس ہیں: ندیم نصرت

کراچی:(ملت+اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم لندن) کے رہنماء ندیم نصرت نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین پارٹی کو چھوڑ کر جانے والوں سے بہت مایوس ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری رابطہ کمیٹی کے بہت سے ارکان کراچی میں موجود ہیں لیکن انھیں کام نہیں کرنے دیا جاتا۔۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں رہنماؤں کی کوئی کمی نہیں، لیکن جو سامنے آتا ہے اسے یا تو گرفتار کر لیا جاتا ہے اور یا اس پر دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ وہ اپنی وفاداری تبدیل کر لے۔ اگر آج انھیں کام کرنے کی اجازت دیدی جائے تو سب دیکھ لیں گے کہ ہمارے کتنے رہنماء گراؤنڈ پر موجود ہیں ندیم نصرت نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کی اصل پہچان عوام ہوتے ہیں، وہی پارلیمنٹ کے ممبران کو منتخب کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم لندن کے ساتھ عوام کی طاقت کا مظاہرہ آج سب سے دیکھ لیا ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں بہت سی اہم ڈویلمپنٹ ہونگی۔ ایم کیو ایم کے بہت سے لوگوں نے دوبارہ ہم سے رابطہ کیا ہے۔ ہماری طاقت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔