‘الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، وزیر اعلیٰ سندھ
ٹھٹھہ: (ملت آن لائن) میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی کام جاری ہیں، کیٹی بندر کا منصوبہ اپنے دور حکومت میں منظور کرا لیں گے، ٹھٹھہ حیدر آباد روڈ کو بہتر بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے دریائے سندھ پر پل بنائے، ہم شہید بے نظیر بھٹو کے ہر خواب کو پورا کریں گے، کل مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم کو آدھ گھنٹے میں مردم شماری پر تحفظات بتائے، مردم شماری کے نتائج خفیہ رکھے گئے، پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ الیکشن میں تاخیر ہو لیکن حلقہ بندیاں ہوں گی تو انتخابات بروقت ہوں گے، الیکشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خواہش تھی کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی کا اتحاد قائم رہے لیکن دونوں جماعتوں کا اتحاد 24 گھنٹے بھی نہیں رہا، کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔