خبرنامہ سندھ

امجد صابری کوکوئی دھمکی نہیں ملی تھی، بھائی ثروت صابری

کراچی:(آئی این پی) ثروت صابری کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی امجد صابری کو کوئی دھمکی نہیں ملی تھی انہیں بے گناہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ مرحوم امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا کہ امجد صابری کا صدمہ صرف ہمارا نہیں پورے ملک کا صدمہ ہے، وہ سب کا دوست اور بیٹا تھا اور دنیا بھرمیں ان کے لیے افسوس کااظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کو کوئی دھمکی نہیں ملی تھی ار نہ ہی وہ ڈرنے والے تھے، بے گناہ امجد صابری کو نشانہ بنایا گیا، شہر میں کہیں بھی قانون نظر نہیں آرہا جب کہ حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری کی بھی امید نہیں۔ گزشتہ روز معروف قوال امجد صابری کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے جب کہ واقعہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے بتایا تھا کہ امجد صابری نے انہیں دھمکیاں ملنے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔