خبرنامہ سندھ

امجد صابری کو ’توہین‘ کی وجہ سے قتل کیا، دہشتگرد

کراچی: (ملت+اے پی پی) معروف قوال امجد صابری کے قتل کی گتھی سلجھ گئی ہے۔ جے آئی ٹی کے روبرو دہشتگردوں اسحاق بوبی اور عاصم کیپری نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ دہشتگردوں نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی پروگراموں اور سوشل میڈیا پر بڑھتی سرگرمیوں کے باعث امجد صابری کے قتل کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ امجد صابری کو مبینہ ’توہین‘ میں ملوث ہونے کے باعث قتل کرنے کا فیصلہ واردات سے ایک ماہ قبل ہی کر لیا گیا تھا۔ عاصم کیپری نے امجد صابری کی رہائشگاہ کے قریب گھر کرائے پر لیا اور ایک ہفتہ ریکی کرتا رہا۔ دونوں دہشتگردوں نے پچاس کے قریب وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے اسحاق بوبی اور عاصم کیپری کی امجد صابری اور فوج کے جوانوں کے قتل کے مقدمات میں گرفتاری ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔